حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا کے صدر اور امام جمعہ میلبورن حجۃ الاسلام مولانا سید ابو القاسم رضوی نے پارہ چنار میں جاری ظلم و بربریت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مولانا سید ابو القاسم رضوی نے کہا کہ ایک بار پھر پارہ چنار میں بے گناہوں کے خون کی ہولی کھیلی گئی، اور مسلسل ظلم کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نہ صرف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے بلکہ دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ شیعہ نسل کشی کا یہ سلسلہ کب رکے گا؟ اگر مجرم آزاد گھوم رہے ہیں تو اس کا واضح مطلب ہے کہ حکومت پاکستان خود ان دہشت گردوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے اس ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پارہ چنار میں فوری امن قائم کیا جائے اور ظالموں کو عبرتناک سزا دے کر دہشت گردی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے۔
آخر میں دعا کرتے ہوئے کہا: "خدا شہداء کے درجات بلند کرے اور انہیں جوارِ اہل بیت علیہم السلام میں جگہ عطا فرمائے۔ متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل، زخمیوں کو شفائے کاملہ عطا کرے، اور تمام مومنین کی جان، مال، عزت و آبرو کی حفاظت فرمائے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اس خطے میں مکمل طور پر امن قائم ہو۔"